برلن،9؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے اپنے دورہء پولینڈ کے دوران یورپی اتحاد کے عمل میں ٹوٹ پھوٹ کے خلاف خبردار کیا ہے۔ گابریئل نے کہا کہ یورپ کو دو مختلف گروپوں میں تقسیم ہو جانے سے روکنے کے لیے ضروری ہے کہ ایسا نہ ہونے دیا جائے کہ یونین میں چند ملک آگے آگے جا رہے ہوں اور باقی ان کے پیچھے پیچھے۔ اسی طرح پولینڈ کے وزیر خارجہ نے بھی تنبیہ کی کہ دو مختلف طرح کی رفتار سے آگے بڑھنے والا یورپ اس بلاک کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔ اس دورے کے دوران اس بارے میں کوئی اتفاق رائے نہ ہو سکا کہ آیا پولینڈ سے تعلق رکھنے والے یورپی یونین کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹْسک کو دوسری مدت کے لیے بھی اپنی موجودہ ذمے داریاں انجام دینا چاہییں۔ پولینڈ کے بعد جرمن وزیر خارجہ آج جمعرات کو ماسکو جا رہے ہیں، جہاں وہ روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے ملیں گے۔